عمران خان کی کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال سے ملاقات

ملک بھر میں پاکستان سپر لیگ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے،جہاں کرکٹ کے دیوانے پی ایس ایل شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں وہیں لیگ کے فرنچائز اونرز اپنی اپنی ٹیم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔اسی سلسلے میں اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں اہم ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن اور ملکی سطح پر ہونے والے انٹرنیشنل میچز کے انعقادپر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر پرسنزکاشف عباسی، ارشد شریف، صابر شاکر اورعارف حمید بھٹی بھی شامل ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے فواد چوہدری اور عون چوہدری بھی موجود رہے۔

عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی اور ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لئے سلمان اقبال کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سلمان اقبال کرکٹ کی بحالی کے لئے جو کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔سپر لیگ کے انعقاد سے نوجوان ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جس کی کمی ایک عرصے سے محسوس کر رہے تھے۔اس موقع پر سلمان اقبال نے عمران خان کو کراچی کنگز کی آفیشل ٹی شرٹ بطور تحفہ پیش کی۔

عمران خان نے کراچی کنگز کی کامیابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز میں بڑے نام شامل ہیں ، امید ہے بہتر کھیل کے ذریعے پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن جیتنے میں کامیاب ہو گی،عمران خان نے بتایا کہ سیاسی مصروفیات کے باعث زیادہ کرکٹ نہیں دیکھ پاتے مگر ٹی20 کے دلچسپ میچز دیکھنے کے لئے وقت نکال لیتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 22فروری سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے، جہاں کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 23فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف کھیلے گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ مضامین