پاکستان اوپن مینز سکواش چیمپئن شپ مصر کے مروان الشوربگی نے جیت لی

پاکستان اوپن مینز اسکواش چیمپئن شپ کا فائنل مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلا گیا جس میں مصری کھلاڑی مروان الشوربگی کا اپنے ہی ہم وطن محمد ابو الغر سے دلچسپ ٹاکرا ہوا. ٹاپ سیڈ مروان پہلی گیم سے ہی میں اپنی حریف پر حاوی رہے اور پہلی گیم میں 11/3سے کامیابی حاصل کی۔

محمد ابو الغرنے دوسری گیم میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11/7سے کامیابی حاصل کرکے میچ 1-1سے برابر کر دیا۔ تیسری گیم میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مروان نے 11/8سے یہ گیم جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ چوتھی گیم میں بھی وہ اپنے حریف پر حاوی رہے اور 11/6سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان ، جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس میچ کے مہمانِ خصوصی تھے۔انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

سابقہ ورلڈ چیمپئنزجہانگیر خان اور قمر زمان، کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے میچ دیکھا۔ پاکستان اوپن سکواش چیمپئن شپ سکواش سرکٹ میں 10سال بعد واپس آئی ہے میں 50ہزار ڈالر ز انعامی رقم رکھی گئی تھی۔اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک کے 48 بہترین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ مضامین