انٹرنیشنل وومین اسکواش چیمپئن شپ ہانگ کانگ کی اینی آو نے جیت لی

25 ہزار ڈالر انعامی رقم کی حامل چیف آف دی ائیر سٹاف انٹر نیشنل وویمن سکواش چیمپئن شپ کا فائنل مصحف اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا,فائنل میچ میں ٹاپ سیڈہانگ کانگ کی اینی او نے ملائیشیا کی سیواسنگاری سبرا مینیئم کو یک طرفہ مقابلہ میں شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اینی اوو پہلی گیم سے ہی اپنی حریف پر حاوی رہیں اور پہلی گیم میں 11/5سے کامیابی حاصل کی۔دوسری گیم میں 11/7 اور تیسری گیم میں 11/1 سے کامیابی حاصل کرکے چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی! مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ غیر ملکی سفراء ، سابقہ ورلڈ چیمپئنزجہانگیر خان، قمر زمان، کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔ اس سے قبل مصری کھلاڑیوں ٹاپ سیڈ مروان الشوربگی اور محمد ابو الغر نے پاکستان اوپن مینز سکواش چیمپئن شپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پہلا سیمی فائنل مصری کھلاڑیوں ٹاپ سیڈ مروان الشوربگی اور زاہد محمد کے درمیان کھیلا گیا۔ جسے مروان نے دلچسپ مقابلے کے بعد 11/9, 11/4 اور 11/3 سے جیت کر فائنل کی راہ ہموار کر لی, دوسرا سیمی فائنل ہانگ کانگ کے لیو آو اور مصر کے محمد ابو الغر کے درمیان کھیلا گیا۔ ابوالغر نے پہلی گیم میں 11/9سے کامیابی حاصل کر لی۔ دوسری گیم انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوئی جس میں لیو آو نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے 14/12کے سکور سے کامیابی حاصل کر کے میچ برابر کر دیا۔ تیسری گیم میں بھی بہترین کھیل دیکھنے کو ملا جس میں ابوالغرنے 11/9 سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کر لی ۔ابوالغر نے چوتھی گیم میں11/6سے کامیابی حاصل کر کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ایونٹ کا فائنل کل کھیلا جائے گا!

مزید دیکھیں

متعلقہ مضامین