آرمی چیف کل پاکستان میں تاریخ رقم کریں گے!

پاکستان میں کل تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے،منگل کا دن ملک کی سیاسی، جمہوری اور ملٹری اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا، کیونکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملکی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار کل سینیٹ کو بریفنگ دیں گے۔چیئر مین سینیٹ رضا ربانی نے قومی سلامتی اور حالیہ بیرونی دوروں کے حوالے سے بریفنگ کے لئے سینیٹ کی ہول کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس کل طلب کر لیا ۔

سینیٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک امریکا تعلقات،خطے میں پاکستان کے موجودہ کردار اور علاقائی صورت حال کے تناظر میں انتہائی غیر معمولی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میںآ رمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختیار اور ڈی جی ملٹری آپریشنز سمیت پاک فوج کے اعلی حکام شریک ہوں گے۔

 

اجلاس منگل کی صبح 10بجے ہو گا، جس میں عسکری حکام علاقائی صورت حال ،اپنے حالیہ غیر ملکی دوروں اور پاکستان آنے والے غیر ملکی عمائدین، بالخصوص امریکی وزیر دفاع کے ساتھ ملاقاتوں کے احوال اور نتائج سے بھی ایوان کو آگاہ کریں گے۔ آرمی چیف سینٹ ہول کمیٹی کو ملک کی تازہ سکیورٹی صورتحال اور بھارت‘ افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی امور پر بریفنگ دیں گے جبکہ نئی امریکی پالیسی اور اس سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہو گا جس میں 45ممالک کے فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردار سمیت ملک کی خارجہ پالیسی اور دفاعی امور کے بارے میں سوالات کئے جائیں گے۔تجزیہ کار آرمی چیف کے اس اقدام کو ملکی جمہوریت اور اداروں کے وقار کی جانب ایک بڑا اور احسن قدم قرار دے رہے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ مضامین