اووبر کے ہیلی کاپٹر میں پی ایس ایل کی ٹرافی دبئی اسٹیڈیم پہنچا ئی گئی!

پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ دبئی میں سجنے کو تیار ہے جس میں اب صرف چند گھنٹوں کا انتظار باقی ہے۔لیکن پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لئے ٹرافی کی تقریب رونمائی آج کر دی گئی ۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سجی تقریب میں فرنچائز مالکان، مینجمنٹ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے ۔ پی ایس ایل کی ٹرافی کو’ اووبر‘ ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسٹیڈیم تک لایا گیا۔

اووبر پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا بڑا اسپانسر بھی ہے ،رونمائی کے لئے انتہائی قیمتی ٹرافی اورٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لئے بیش قیمت انعامات اسٹیڈیم تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی اووبر حکام کو سونپی گئی جسے کڑی نگرانی میں
خصوصی باکس میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسٹیڈیم تک لایا گیا ۔

صرف ٹرافی ہی نہیں پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیموں کے کپتانوں کو بھی وی وی آئی پی انٹری کا موقع دیا گیا، ہیلی کاپٹر میں ٹرافی پہنچانے کے بعد انتہائی بیش قیمت گاڑی لیموزین کے ذریعے کپتانوں کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے کپتان لیموزین میں سوار ہوئے اور خوش گپیاں کرتے ہوئے اسٹیڈیم کی جانب روانہ ہو گئے۔

اسٹیڈیم پہنچتے ہی ٹرافی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے حوالے کی گئی۔جس کے بعد ٹرافی کی تقریب رونمائی کاباقاعدہ آغاز ہوا۔اس موقع چیئر مین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ پاکستانی قوم کے لئے بہت بڑا لمحہ ہے اور اس ایونٹ سے لوگ بہت محظوظ ہوں گے۔ پی ایس ایل کے بہترین بلے باز ، فیلڈر اور باولرز کے لئے بھی ٹرافیاں بنوائیں گئیں ہیں جنہیں ایونٹ کے اختتام پر پیش کیا جائے گا

اس موقع پر ٹیموں نے کپتان بھی کافی کوش دکھائی دیئے ،دفاعی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سمی نے ٹرافی پر ہاتھ جماتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرافی اس بار بھی ہمارے پاس ہی آئے گی،کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بولے کہ لالہ اب آپ کی نہیں ہماری ٹیم میں ہیں لہذا ٹرافی کے لئے مقابلہ سخت ہو گا۔دو مرتبہ فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اس بار فائنل مقابلہ جیتیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ تمام کھلاڑی تیسرے ایڈیشن کے لئے بہت پرجوش ہیں اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک بولے کہ پی ایس ایل سے ہر سال نئے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں جو خوش آئند ہے۔لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے کہا کہ لاہور کے فینز کو اس بار مایوس نہیں کریں گے امید ہے کہ لاہور اس بار ٹرافی جیت لے گا۔

پی ایس ایل تھری کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب 22 فروری کو دبئی میں ہی ہوگی جس کے بعد ایونٹ کا افتتاحی میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے فنکاروں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ چکی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ مضامین