عمران خان نے بشری مانیکہ سے باضابطہ نکاح کر لیا !

سربراہ تحر یک انصاف عمران خان ایک بار پھر رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے ۔عمران خان نے بشری مانیکہ سے تیسرا نکاح کر لیا جس کی تصدیق کر دی گئی ہے ۔ نکاح کی تقریب اتوار کی رات 9بج کر دس منٹ پر لاہور میں بشری مانیکہ کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں مفتی سعید نے دونوں کا نکاح پڑھوایا۔

نکاح کی تقریب سادگی سے ہوئی جس میں 10سے 12افراد شریک ہوئے ،عمران خان کی جانب سے قریبی ساتھی عون چوہدری اور زلفی بخاری بطور گواہان شریک ہوئے جبکہ دلہن بشری مانیکہ کی جانب سے چند خواتین اور بچے تقریب میں موجود تھے۔

نکاح کی تقریب میں عمران خان کے دائیں بائیں رہنے والی قریبی ساتھیوں سمیت کوئی پارٹی رہنماء یا کارکن شریک نہیں تھا ۔نکاح کی رسم چند منٹوں میں انجام کو پہنچی جس کے بعد شادی کی تصاویر میڈیا پر جاری کر دی گئیں ۔

عمران خان کے ولیمے کی تقریب بھی سادگی سے کئے جانے کا امکان ہے، پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کے مطابق عمران خان ولیمے کی تقریب سادگی سے ہی کریں گے۔ریحام خان سے دوسری شادی کے وقت بھی ولیمہ کی تقریب نکاح خوان مفتی سعید کے مدرسے میں حافظ قرآن بچوں کے ساتھ انتہائی سادگی سے منائی گئی تھی ۔

عمران خان کی شادی کی خبرمیڈیا پر نشر ہوئی تو جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی،سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر چند منٹوں میں کپتان کی شادی ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔پارٹی رہنماوں سمیت دنیا بھر سے کارکنان عمران کان کو مبارکباد کے پیغامات دینے لگے۔

عمران خان کی شادی ملکی سیاست پر کیا اثرات دکھائے گی اس کا اندازہ آنے والے چند دنوں میں ہو گا لیکن شادی کے اس موقع پر سب خوشی سے نہال ہیں۔

 

مزید دیکھیں

متعلقہ مضامین